ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضلع اُترکنڑا میں 7 فروری سے دڈار اور روبیلا (گھور) ویکسی نیشن کا پروگرام

ضلع اُترکنڑا میں 7 فروری سے دڈار اور روبیلا (گھور) ویکسی نیشن کا پروگرام

Thu, 02 Feb 2017 23:30:44    S.O. News Service

کاروار 2/فروری (ایس ا و نیوز)ضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر مسٹر ایس ایس نکول کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ضلع میں بچوں کو وائرل انفیکشن اور خاص کر روبیلا (جسے بھٹکل کی نوائطی زبان میں گھور کہا جاتا ہے) سے محفوظ رکھنے کے لئے دڈار اور روبیلا ویکسی نیشن کا پروگرام 7فروری سے ایک مہم کی شکل میں شروع کیا جارہا ہے۔

 حکومت کی طرف سے یہ ٹیکے مفت فراہم کیے گئے ہیں اور اسکولی طلباء کو اسکول ہی میں لگائے جانے والے ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ اس ضمن میں اسکولوں کی طرف سے والدین سے تحریری اجازت لینے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔اخباری بیان میں کہا گیاہے کہ یہ مہم 7سے 28فروری تک پورے ملک میں بیک وقت چلائی جائے گی۔جس میں ۹ مہینے سے 15 سال تک کے بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔ پہلے ہفتے میں اسکولوں اور آنگن واڈی مراکز میں بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔ بقیہ تین ہفتوں میں اسکولوں اور اسکولوں سے باہر بچوں کو ٹیکے لگانے کا کام انجام دیا جائے گا۔

 ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر اشوک نے بتایا ہے کہ ضلع شمالی کینرا میں جملہ 3,13,355بچوں کو ٹیکے لگوانے کا نشانہ رکھا گیا ہے۔2033 اسکولوں کی نشاندہی کرکے 599ٹیکہ لگانے کے ماہراہلکاروں کو اس کام پر لگایا جارہا ہے اور ان کا تعاون کرنے کے لئے 3988 آشا اور آنگن واڈی کارکن سرگرم رہیں گے۔ اس کے علاوہ اس مہم کی نگرانی کے لئے 262سپروائزرس متعین کیے گئے ہیں۔


Share: